ڈیرہ اسماعیل خان۔26دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی خیبر پختونخوا کے اضلاع بالخصوص ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے لئے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا ۔
پیر کووزیراعظم نے ڈیرہ اسماعیل خان کا ایک روزہ دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ ان ترقیاتی کاموں سے علاقے میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ان منصوبوں میں چشمہ رائیٹ بینک کینال لفٹ گریوی گریویٹی کا سنگ بنیاد اور چشمہ ہائیڈل پاور سٹیشن کے یونٹ 8 کی ریفربشمنٹ کا افتتاح ،عبدالخیل 132 کے وی اور بند کورائی 132 کے وی گرڈ سٹیشنز کا سنگ بنیاد ،سی پیک کے مغربی روٹ/موٹروے یارک-سگو-ژوب سیکشن کے پیکج 1 (یارک-سگو) کا سنگ بنیاد، انڈس ہائی وے (این 55) کے مختلف حصوں کی بحالی کے کام کا آغاز ،پیزو سے ٹانک روڈ اور ڈیرہ اسماعیل خان بائی پاس کی بحالی،
حالیہ بارشوں اور سیلاب سے تباہ حال سڑکوں کی بحالی کے کام کا افتتاح ،بنوں یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے لکی مروت کیمپس کو یونیورسٹی آف لکی مروت کا درجہ اور اس یونیورسٹی میں تعمیراتی کام کاسنگ بنیاد اور نادرا سروس سینٹر ڈیرہ اسماعیل خان کا افتتاح شامل ہیں۔وزیراعظم کو ان منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔وزیراعظم نے چیئرمین واپڈا کو جنوبی خیبر پختونخوا میں تمام ڈیمز کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔