شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کی آبیاری اور عوامی خدمت کی نئی اور درخشندہ مثالیں قائم کیں، وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ کا محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر پیغام

195
واقعہ کربلا ہمیں مشکلات کے مقابلے میں ثابت قدم رہنے کا درس دیتا ہے، سید خورشید شاہ
واقعہ کربلا ہمیں مشکلات کے مقابلے میں ثابت قدم رہنے کا درس دیتا ہے، سید خورشید شاہ

اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ جمہوریت، آئین اور انسانی حقوق کے حوالے سے بھٹو خاندان کی خدمات ناقابل فراموش رہیں گی، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کی آبیاری اور عوامی خدمت کی نئی اور درخشندہ مثالیں قائم کیں۔ منگل کو محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ بےنظیر بھٹو جمہوریت، انسانی حقوق اور انصاف کی جنگ لڑتے ہوئے شہید ہوئیں، اگر آج ہم جمہوریت کے عہد میں زندہ ہیں اور طاقت کے ایوان عوام کے منتخب نمائندوں کی سیاسی دسترس میں ہیں تو اس کا کریڈٹ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ شہید بے نظیر بھٹو کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹونے ماضی کے مطلق العنان آمروں اور جابروں سے اقتدار چھین کر عوام کی جھولی میں ڈالا، یہ معرکہ کوئی بچوں کا کھیل نہیں تھا مگر پیپلز پارٹی کے عظیم رہنمائوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر یہ کارنامہ سر انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ کہ آج محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر ہم فخر سے یہ بات کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے ضیاء الحق اور پھر پرویز مشرف کی آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور عوام کے غصب شدہ حقوق ان کو واپس دلائے، محترمہ بے نظیر بھٹو کی جرات اور عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے جبر، قید و بند اور جلا وطنی کی اذیتیں برداشت کیں مگر عوام کے حقوق کا سودا نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی تحمل، امن اور برداشت کی پالیسی ہی جمہوریت کی اصل روح ہے، ہم اپنی قائد کو وطن اور جمہوریت کیلئے ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ آج ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم ان کے مشن کی تکمیل کیلئے عوام کے شانہ نشانہ اپنی جدوجہد ہمیشہ جاری رکھیں گے۔