آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 4 جنوری سے شروع ہوگا

148

سڈنی۔30دسمبر (اے پی پی):آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 4 سے 8 جنوری تک سڈنی کرکٹ گرائونڈ، سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ کینگروز کو مہمان جنوبی افریقا کی ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقا کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ ایم سی جی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 182 رنز سے ہرایا تھا۔پروٹیز ٹیم ان دنوں آسٹریلیا کے دورہ پر موجود ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دو میچز کھیلے جا چکے ہیں جو کینگروز نے اپنے نام کر لئے ہیں۔ ڈین ایلگر پروٹیز ٹیم کو لیڈ کررہے ہیں ۔میزبان کینگروز ٹیم کو مایہ ناز فاسٹ بائولر پیٹ کمنز لیڈ کررہے ہیں ۔

دونوں ٹیموں کے سیریز کاتیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 4 سے 8 جنوری تک سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد ون ڈے سیریز کا آغاز 12 جنوری سے ہوگا دوسرا ون ڈے 14 جنوری جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 17 جنوری کو کھیلا جائے گا۔