اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے شدید دھند کے باعث بند کی گئی موٹر ویز ایم ٹو اسلام آباد سے لاہور، موٹر وے ایم ون اسلام آبا دسے پشاور، سوات ایکسپریس وے کرنل شیر خان سے اسماعیلہ کو دھند کی شدت کم ہونے پر جمعہ کی صبح ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دیا ہے۔
ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایم ٹو موٹر وے کو لاہور سے اسلام آباد شدید دھند کی وجہ سے جمعرات کو بند کی گئی تھی جسے اب کھول دیا گیا ہے، اسی طرح ایم ون کو اسلام آباد سے پشاور تک شدید دھند کی وجہ سے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کیا گیا تھا جو اس وقت کھلی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اس وقت دھند ختم ہو گئی ہے اور سوات ایکسپریس وے کو بھی ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مسافروں سے گذارش ہے کہ دھند کے موسم میں غیرضروری سفر سے گریز کریں، گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں، دھند کے موسم میں گاڑیوں میں درمیانی فاصلہ عام حالات کی نسبت زیادہ رکھیں، سفر کرنا ناگزیر ہو تو سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے کی صورتحال سے متعلق موبائل ایپ اور ایف ایم چینلز اور ہیلپ لائن سے معلومات ضرور حاصل کر لیں تاکہ موٹر وے بند ہونے کی صورت میں پریشانی سے بچا جا سکے۔ ترجمان نے کہا کہ دوران سفر مدد کی صورت میں ہیلپ لائن 130 سے مدد لی جا سکتی ہے۔