سری لنکا نے بھارت کو دوسرے ٹی ٹونٹی میں 16 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی

220
سری لنکا نے بھارت کو دوسرے ٹی ٹونٹی میں 16 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی

پونے۔5جنوری (اے پی پی):سری لنکا نے بھارت کو دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں 16 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی، سری لنکا کے 207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنا پائی، سری لنکن کپتان داسن شناکا کو شاندار آل رائونڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جمعرات کو مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم پونے میں کھیلے گئے تین میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میں بھارتی کپتان ہارڈک پانڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز کا بڑا سکور کیا۔ کوشل مینڈس اور کپتان داسن شناکا نے شاندار نصف سنچریاں سکور کیں، مینڈس 52 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ شناکا نے 22 بالوں پر 56 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی ، ان کی جارحانہ اننگز میں 6 چھکے اور دو چوکے شامل ہیں۔ چیراتھ اسالنکا 37 اور نسانکا 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بھارتی فاسٹ بائولر عمران ملک نے 3وکٹیں حاصل کیں جبکہ اکشر پٹیل نے 2 اور یزوندرا چہل نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

سری لنکا کے 206 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنا پائی۔ بھارتی بیٹرز نے ہدف کے تعاقب میں انتہائی مایوس کن آغاز کیا جب اس کے ابتدائی چار بیٹرز صرف 34 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد سوریا کمار یادیو اور اکشر پٹیل نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور 91 رنز کی شراکت قائم کی تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرانے میں ناکام رہے۔

سوریا نے 36 بالوں پر 51 اور اکشر پٹیل نے 31 بالوں پر 65 رنز کی اننگز کھیلی۔ شیوم ماوی 26 اور کپتان ہارڈک پانڈیا 12رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ اوپنرز ایشان کشن، شبھمان گل، راہول تریپاتھی اور دیپک ہودا اپنے سکور کو ڈبل فگر میں داخل نہ کر سکے۔سری لنکا کی طرف سے دلشان مدھوشنکا، کاسن راجیتھا اور داسن شناکا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ کرونارتنے اور ہسارنگا نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح سری لنکا نے دوسرے ٹی ٹونٹی میں 16 رنز سے فتح حاصل کرکے تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔