اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):عالمی حج کانفرنس میں شرکت کے لئے وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور سعودی عرب پہنچ گئے ہیں ۔ چار روزہ عالمی حج کانفرنس جدہ میں ہوگی جس میں شرکا کو سعودی ویژن 2030 کی روشنی میں جدید حج انتظامات اور سہولیات پر بریفنگ دی جائے گی۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق مفتی عبدالشکور سعودی ہم منصب سمیت کئی اہم شخصیات سے ملاقاتیں اور اداروں کا دورہ کریں گے۔ وزیر مذہبی امور نے گذشتہ روز بس ٹرانسپورٹ کمپنی نقابہ سیارات کے چیئرمین اسامہ سمکری سے ملاقات کی جس میں منیٰ ، مزدلفہ، عرفات میں حجاج کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق امسال حج درخواست گذاروں کیلئے پاکستان میں بینک اکاونٹ ہونا لازمی ہو گا۔حج 2023کے درخواست گذاروں کیلئے پاکستانی مشین ریڈایبل پاسپورٹ کی میعاد26 دسمبر، 2023 ہو گی ۔حج درخواستیں فروری کے آخر تک طلب کیے جانے کا امکان ہے۔کابینہ کی منظوری کے بعد وفاقی وزیر مذہبی امور حتمی حج پالیسی 2023 کا اعلان کرینگے۔