سعودی ولی عہد کی پاکستان میں سرمایہ کاری 10 ارب ڈالر تک بڑھانے اور سٹیٹ بینک میں ڈیپازٹ رکھی گئی رقم کو 5ارب ڈالر تک بڑھانے پر غور کرنے کی ہدایت

222

ریاض ۔10جنوری (اے پی پی):سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری 10 ارب ڈالر تک بڑھانے اور اور سٹیٹ بینک میں بطور ڈیپازٹ رکھی گئی رقم کو 5ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں سعودی عرب کی طرف سے بطور ڈیپازٹ رکھی گئی رقم کو بھی 5ارب ڈالر تک بڑھانے پر غور کرنے کی ہدایت کی ہے۔سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے گذشتہ سال 25 اگست کو پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا حکم دیا تھا ۔ شہزادہ محمد سلمان نے اسی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے جائزے کی ہدایت کی ہے۔ گزشتہ سال2دسمبر کو سعودی عرب نے پاکستان کے مرکزی بینک میں رکھے گئے 3 ارب ڈالر کی مدت میں مزید ایک سال تک کا اضافہ کر دیا تھا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان نے نومبر 2021 میں سعودی ڈیویلپمنٹ فنڈ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت سعودی فنڈ نے3ارب ڈالر سٹیٹ بینک میں رکھے تھے ۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سرمایہ کاری میں اضافے سے متعلق جائزے کا یہ اعلان ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان رابطوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری بھی 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔