سعودی حکومت نے پاکستان کا پرانا حج کوٹہ بحال کر دیا ہے، اس سال ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے

261

اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):سعودی حکومت نے پاکستان کا پرانا حج کوٹہ بحال کر دیا ہے، اس سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔ سعودی حکومت نے عازمین حج کے لئے عمر کی حد بھی ختم کر دی ہے ۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور سعودی عرب کی دعوت پر 4 روزہ عالمی حج کانفرنس میں شرکت کیلئے جدہ میں ہیں ۔ کانفرنس کے شرکاء کو سعودی ویژن 2030 کی روشنی میں جدید حج انتظامات اور سہولیات پر بریفنگ دی گئی ہے مفتی عبدالشکور کی سعودی ہم منصب ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ سمیت کئی اہم شخصیات سے ملاقاتیں ہوئیں ۔

انکے ہمراہ سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر آفتاب اکبر درانی، سعودی سفیر نواف سعید المالکی, ڈائریکٹر حج ساجد اسدی اور نجی حج سکیم کی نمائندہ تنظیم ہوپ کے عہدےدار بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی حکام کی جانب سے وزیر مذہبی امور کو سالانہ حج معاہدے کا مسودہ موصول ہو گیا ہے جس کے تحت پاکستانی حجاج کا پرانا کوٹہ 179210 بحال کر دیا گیا ہے اور 65 سال کی بالائی حد کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔ تاہم وزیر مذہبی امور نے سعودی حکام سے درخواست کی ہے کہ لازمی حج اخراجات کو مزید کم کیا جائے تاکہ حج کے خواہشمند پاکستانی عازمین پر کم سے کم بوجھ پڑے جس پر سعودی وزیر حج و عمرہ نے مثبت کوشش کی یقین دہانی کروائی۔

مفتی عبدالشکور نے گذشتہ روز بس ٹرانسپورٹ کمپنی "نقابہ سیارات” کے چیئرمین اسامہ سمکری سے ملاقات کی اور مشاعر مقدسہ (منیٰ ، مزدلفہ، عرفات) میں حجاج کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی پر زور دیا گیا۔ واضح رہے کہ امسال حج درخواستیں فروری کے آخر تک طلب کیے جانے کا امکان ہے۔ کابینہ کی منظوری کے بعد وفاقی وزیر مذہبی امور حتمی حج پالیسی 2023 کا اعلان کرینگے۔ حج درخواست گذاروں کیلئے پاکستان میں بینک اکاونٹ ہونا لازمی ہو گا۔ حج 2023 کے درخواست گذاروں کیلئے پاکستانی مشین ریڈایبل پاسپورٹ کی میعاد 26 دسمبر، 2023 ہو گی۔