وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قائم مقام افغان وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر بات چیت

238
بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے جمعرات کو ٹیلی فون پر بات چیت کی جس میں انہوں نے گزشتہ روز کابل میں وزارت خارجہ کے باہر ہونے والے دہشت گردی کے بزدلانہ حملے پر اظہار تعزیت کیا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گردی کی کارروائی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی پاکستان اور افغانستان دونوں کے لیے مشترکہ خطرہ ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

اس خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے افغان عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے علاقائی امن اور استحکام کے فروغ کے لیے افغانستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔