بھارت دنیا کو گمراہ کرنے کیلئے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انتخابی ڈرامہ رچانے جا رہا ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس

133

سرینگر ۔15جنوری (اے پی پی):غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لیے علاقے میں انتخابی ڈرامہ رچانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری کسی قابض ٹولے کو اقتدارکی کرسی پربٹھانے یانام نہاد انتخابات کے انعقاد کے لئے نہیں بلکہ حق خودارادیت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں جس کا وعدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کررکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ 10لاکھ بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں انتخابات ایک فوجی آپریشن کے سوا کچھ نہیں۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ نے یہ بھی واضح کررکھاہے کہ متنازعہ علاقے میں انتخابات حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہوسکتے۔انہوں نے عالمی ادارے پر زور دیا کہ وہ مزید تاخیر کئے بغیر کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے۔

کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آج جب بھارت اپنا 75 واں یوم ا فواج منا رہا ہے، اس کے فوجی مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم لوگوں پر مظالم ڈھارہے ہیں۔ رپورٹ میں کہاگیاہے کہ بھارتی فوج کا سفاک چہرہ روزانہ کی بنیاد پر بے نقاب ہورہا ہے کیونکہ وہ مقبوضہ علاقے میں ماورائے عدالت قتل، عصمت دری، تشدد اور دیگرمظالم میں ملوث ہے۔ کے ایم ایس کی رپورٹ میں کہاگیاہے کہ قابض بھارتی فوج کو اپنا دن منانے کا کوئی حق نہیں کیونکہ اس نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جنوری 1989سے لے کر 31دسمبر 2022تک 96ہزار163کشمیریوں کو شہیدکیا ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ بھارتی فوج کو نسل کشی، انسانیت کے خلاف جرائم اور جنگی جرائم کی تربیت دی جاتی ہے۔ بھارتی فوجیوں نے آج ضلع بڈگام کے علاقے ریڈبگ ماگام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کی۔ فوجیوں نے علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر دیا اور گھر گھر تلاشی لی۔ ادھر قابض بھارتی حکام نے جموں خطے کے متعدد علاقوں میں انسداد تجاوزات مہم کے نام پر مسلمانوں کے مکانات مسمار کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ان علاقوں میں رہائش پذیرہیں اور اب انہیں اپنے گھر چھوڑنے پر مجبورکیاجا رہا ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ جموں خطے میں بی جے پی کے بہت سے رہنمائوں اور کارکنان کو ان کی زمینوں پر آباد کیا جا رہا ہے۔ جنوبی کشمیر میں ضلع پلوامہ کے علاقے کو نیبل میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب آتشزدگی کے ایک واقعے میں 85بھیڑیں جل کر ہلاک ہوگئیں۔