کراچی اور حیدرآباد کے عوام نے ووٹ کی طاقت سے نام نہاد مقبول لیڈروں کا پول کھول دیا ،بلاول بھٹو زرداری

174
پاکستان پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی باجوڑ میں پی پی پی رہنما اخوند زادہ چٹان پر حملے کی مذمت

کراچی۔17جنوری (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد کے عوام نے ووٹ کی طاقت سے نام نہاد مقبول لیڈروں کا پول بھی کھول دیا ،بلدیاتی انتخابات کے بعد ثابت ہوگیا کہ پیپلزپارٹی سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں کی واحد سب سے بڑی جماعت ہے، کراچی اور حیدرآباد کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے جیالے امیدواروں کو ووٹ دے کر منتخب کیا۔ بلاول ہائوس سے جاری بیان کےمطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی وفاق کی زنجیر ہے اور ملک کے تمام طبقات پر مشتمل کراچی میں پی پی کی جیت پورے ملک کی فتح ہے،کراچی اور حیدرآباد کی ترقی کے لئے تمام سیاسی اکائیوں کا مل کر کام کرنا عوام کی خوش حالی کی وجہ بنے گا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ عوام نے پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو منتخب کرکے سندھ حکومت کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے،جئے بھٹو کے نعروں سے گونجتے کراچی اور حیدرآباد نے نفرت کی سیاست کرنے والوں کو مسترد کردیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلدیاتی انتخاب جیتنے والے تمام جیالے امیدواروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔واضح رہیں کہ کراچی میں سب سے زیادہ یونین کونسل چیئرمین پیپلزپارٹی کے کامیاب ہوئے ہیں دوسرے نمبر پر جماعت اسلامی ہے۔