آسٹریلوی ویمن ٹیم نے پاکستان ویمن کو دوسرےایک روزہ کرکٹ میچ میں باآسانی 10 وکٹوں سے ہرا دیا

113

برسبین۔18جنوری (اے پی پی): فوبی لیچ فیلڈاور بیتھ مونی کی ناقابل شکست نصف سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان ویمن کو دوسرے ون ڈے میچ میں باآسانی 10 وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔میزبان خواتین ٹیم نے 126رنز کا مطلوبہ ہدف 19.2 اوورز میں بغیر کسی نقصان پر حاصل کرلیا۔ فوبی لیچ فیلڈ نے ناقابل شکست 67 اور بیتھ مونی نے 57 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

آسٹریلوی ویمن کی طرف سے ڈار سی برائون کو شاندار بائولنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان برسبین میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان ویمن ٹیم 43 ویں اوور میں 125رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اس نے میزبان ویمن ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 126 رنز کا ہدف دیا۔ندا ڈار نے 24 ، کپتان بسمہ معروف نے 21 اور منیبہ علی نے 18 رنز بنائے ۔آسٹریلین ویمن ٹیم کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈارسی براؤن نے 3، انابیل سدرلینڈ اور الانا کنگ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں فوبی لیچ فیلڈاور بیتھ مونی کی ناقابل شکست نصف سنچریوں کی بدولت میزبان ویمن ٹیم نےمطلوبہ ہدف باآسانی 19.2 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر کے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ آسٹریلیا کی 19 سالہ اوپننگ بیٹر فوبی لیچ فیلڈ نے مسلسل دوسری ناقابل شکست نصف سنچری سکور کی ، انہوں نے 61 گیندوں پر 67 رنز سکور کیے۔ ان کے علاوہ اوپنر بیتھ مونی نے بھی 55 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی ڈار سی برائون کو عمدہ بائولنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔