اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے موقع پر عالمی بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر آپریشنز ایکسل وین ٹراٹسنبرگ سے ملاقات کی۔
وزیر خارجہ نے جمعرات کو ایک ٹویٹ میں کہا کہ انہیں ڈیووس میں عالمی بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر آپریشنز سے مل کر خوشی ہوئی جن سے ملاقات کے دوران پاکستان کے ساتھ عالمی بینک کی بات چیت پر تبادلہ خیال کیا اور بینک کے 2 بلین ڈالر کے وعدے کو سراہا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے بڑے ترقیاتی پارٹنر کے طور پر عالمی بینک کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے مشترکہ اہداف، پائیدار ترقی کے اہداف اور عالمی اقتصادی فورم 2023 کے حصول کے عزم کا بھی اظہار کیا۔