چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کا سنٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی کا دورہ

315
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کا سنٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی کا دورہ

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال نے جمعہ 20 جنوری 2023ء کو جسٹس اطہر من اللہ کے ہمراہ سنٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی کا دورہ کیا۔ قومی کمیشن برائے انسانی حقوق اور لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سیکرٹری داخلہ، سپیشل سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات، ڈی آئی جی جیل خانہ جات، چیف کمشنر آئی سی ٹی اور ڈی اینڈ ایس ججز (راولپنڈی اور اسلام آباد) بھی موجود تھے۔ انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات نے اس موقع پر جیل میں قیدیوں، حوالاتیوں اور دستیاب سہولیات کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن دی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کا سنٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی کا دورہ

انہوں نے قیدیوں کو پیشہ ورانہ تربیت، طبی سہولیات اور نفسیاتی علاج کی فراہمی کے بارے میں بھی بتایا۔ چیف جسٹس نے جیل کے عملے سے جیل کے مجموعی ماحول کو بہتر بنانے کے لئے جیل کے عملہ کے تربیتی پروگراموں کے بارے میں استفسار کیا اور ہدایت کی کہ دیگر جیلوں میں بھی اس طرح کے تربیتی پروگرام شروع کئے جائیں۔ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال اور جسٹس اطہر من اللہ نے زیر سماعت، سزا یافتہ، نابالغ اور خواتین قیدیوں کی مختلف بیرکوں کا دورہ کیا۔

انہوں نے ان بیرکوں کے قیدیوں سے بات چیت کی اور جیل کے حالات اور قانونی عمل کے بارے میں ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے خواتین قیدیوں کے ننھے بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان کے ساتھ کھیلتے بھی رہے اور ان میں تحائف تقسیم کئے۔ چیف جسٹس کی جانب سے آئی جی جیل خانہ جات کو ہدایت کی گئی کہ وہ جیل کے مسائل کو حل کریں اور سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان سے کہا کہ وہ پنجاب اور دیگر صوبوں کے پولیس حکام کی جانب سے عدالت میں چالان کو جلد پیش کرنے کے عمل کی پیروی کریں۔

چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے اس موقع پر قیدیوں کو فوری قانونی امداد کی سہولت فراہم کرنے کے امور پر خصوصی توجہ دی اور اس کو قیدیوں کا بنیادی حق قرار دیتے ہوئے ہدائت کی کہ نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس (NCHR) یہ سہولت شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔