چیئرمین ایف بی آر کا کراچی پورٹ اور لارج ٹیکس پئیرز آفس کا دورہ

131
چیئرمین ایف بی آر

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):چیئرمین ایف بی آر/سیکرٹری ریونیو ڈویژن عاصم احمد نے ہفتے کو کراچی پورٹ اور لارج ٹیکس پئیرز آفس کا دورہ کیا۔کراچی پورٹس کے جنوبی ایشیا پاکستان ٹرمینل کے دورے کے دوران چیئرمین ایف بی آر نے قومی تجارت کی مزید بہتری کے لئے موثر حکمت عملی اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔جنوبی ایشیا پاکستان ٹرمینل پہلے اپریزمنٹ ایسٹ کا حصہ تھا، حال ہی میں اسے ایک علیحدہ اپریزمنٹ کلکٹریٹ کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ ‎چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے مضبوط قومی معیشت کے لیے ہموار پورٹ آپریشنز کے اہم کردار پر زور دیا۔

انھوں نے موجودہ امپورٹ کمپریشن کے باوجود ایف بی آر کے مجموعی اہداف کو حاصل کرنے میں پاکستان کسٹمز کے نمایاں کردار کو سراہا۔ انہوں نے قیمت کے درست تعین کے طریقہ کار کو بہتر بنا کر غلط/انڈر انوائسنگ کے رحجان کو روکنے کے لیے پاکستان کسٹمز کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا۔ ‎سی ای او، ایس اے پی ٹی، مسٹر سی ایس کم نے چیئرمین کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور بندرگاہ کے موثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔‎چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے ٹرمینل یارڈز اور برتھ ایریاز کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں عملی مظاہرہ کے ذریعے پورٹ آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین ایف بی آر نے مکمل یقین دہانی کرائی کہ حکومت تجارت سے متعلقہ مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔بعدازاں لارج ٹیکس پئیرز آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کے دوران چئرمین ایف بی آر نے موجودہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی کےلئے تفویض کردہ اہداف کے حوالے سے تمام چیف کمشنرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

تمام چیف کمشنرز ان لینڈ ریونیو نے تیسری سہ ماہی کا ٹارگٹ حاصل کرنے کے لئے قابل عمل حکمت عملی بھی پیش کی۔چیئرمین ایف بی آر نے تمام چیف کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ جنوری 2023 کا ٹارگٹ پورا کرنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔ انہوں نے ٹیکس دہندگان کے زیر التوا مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔چیئرمین ایف بی آر نے تمام چیف کمشنرز کو مزید ہدایت کی کہ وہ ریونیو کی حفاظت کےلئے شوگر ملز کی موثر نگرانی جاری رکھیں۔