وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی دوحہ میں قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے ملاقات

91

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کو دوحہ میں قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر منصور ابراہیم المحمود سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سے متعلق امور اور مواقع کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پائیدار اقتصادی نمو اور معاشی استحکام کیلئے جامع انداز میں اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے معیشت کے مختلف شعبوں میں اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے اور قطر سمیت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں توانائی، ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ قطر پاکستان کا اہم برادر ملک ہے، پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قطر کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور استفادہ کرنا چاہئے۔