پوچیفسٹروم۔27جنوری (اے پی پی):آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، بھارت نے 108 رنز کا مطلوبہ ہدف 14.2 اوورز میں باآسانی حاصل کرلیا، پرشوی چوپڑا کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جمعہ کو سینویس پارک پوچیفسٹروم میں کھیلے گئے انڈر 19 ویمنز ورلڈ کپ کے پہلی سیمی فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنا پائی۔ اوپننگ جوڑی کے مایوس کن آغاز کے بعد جورجیا پلیمر اور ازابیلا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم ان دونوں بیٹرز کے آئوٹ ہونے کے بعد دیگر کوئی کھلاڑی سنبھل کر نہ کھیل سکی اور مسلسل وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ جورجیلا نے 35 اور ازابیلا نے 26 رنز بنائے’ کپتان ازے شارپ 13 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں۔ ان کے علاوہ کوئی بیٹر ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکی۔ بھارت کی پرشوی چوپڑا نے 20 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ٹیٹاس سادھو، منت کشیاپ، شفالی ورما اور ارچنا نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کا 108 رنز کا مطلوبہ ہدف بھارتی انڈر 19 ویمنز ٹیم نے باآسانی 15ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ شویتا سیراوت نے 45 بالوں پر 61 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ سومیا تیواری 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔نیوزی لینڈ کی طرف سے دونوں وکٹیں اینا برائوننگ نے حاصل کیں۔ اس شاندار فتح کے بعد بھارتی ٹیم انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔