ویسٹ ایشیا بیس بال کپ 2023 گذشتہ روز اسلام آباد میں شروع ہو گیا۔ بھارت کی بیس بال ٹیم ایک دن کی تاخیر سے پاکستان پہنچ گئی

159
ویسٹ ایشیا بیس بال کپ 2023 گذشتہ روز اسلام آباد میں شروع ہو گیا۔ بھارت کی بیس بال ٹیم ایک دن کی تاخیر سے پاکستان پہنچ گئی

اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):ویسٹ ایشیا بیس بال کپ 2023 گذشتہ روز اسلام آباد میں شروع ہو گیا۔ بھارت کی بیس بال ٹیم ایک دن کی تاخیر سے پاکستان پہنچ گئی۔ ٹورنامنٹ کے پہلے روز پاکستان اور سری لنکا نے اپنے میچز جیت لئے جبکہ بھارتی ٹیم کے پہلے روز نہ پہنچنے کے باعث فلسطین کو بغیر کھیلے فاتح قرار دیدیا گیا۔

مہمان خصوصی چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے نورالامین مینگل نے پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر  سید فخر علی شاہ کے ہمراہ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں میزبان پاکستان ٹیم نے افغانستان کو 17-0 سکور سے شکست دیدی جبکہ دوسرے میچ میں دفاعی چیمپیئن سری لنکا نے نیپال کی ٹیم کو 26-0 سے ہرا دیا۔ تیسرا میچ بھرت اور فلسطین کے درمیان کھیلا جانا تھا جس میں بھارتی ٹیم کے نہ پہنچنے کی وجہ سے فلسطین ٹیم کو بغیر کھیلے فاتح قرار دیدیا گیا۔

ادھر بھارتی حکومت نے گزشتہ روز انڈین بیس بال ٹیم کو ویسٹ ایشیا بیس بال کپ میں شرکت کیلئے پاکستان داخلے کیلئے این اوسی جاری کر دیا اور بھارتی ٹیم گزشتہ شام کو پاکستان پہنچ گئی۔ ہفتہ کے روز ٹورنامنٹ کے دوسرے روز بھی 3 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان، دوسرا میچ نیپال اور فلسطین جبکہ تیسرا میچ بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائیگا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل یکم فروری کو کھیلا جائیگا۔