سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان

261
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان کیا ہے ۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے آئین پاکستان کے 50 سال مکمل ہونے پر مہینہ بھر شاندار تقریبات کے انعقاد کا اعلان کیا ہے اور اس حوالے سے سینیٹر رضا میاں رضا ربانی کی سربراہی میں ایک 14 رکنی ایڈوائزری کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جو ان تقریبات کے حوالے سے تمام انتظامات کی نگرانی کرے گی۔

سپیکر نے کہا ہے کہ ان تقریبات کے انعقاد کا مقصد ملک میں بسنے والے لوگوں کو آئین کی اہمیت سے روشناس کرانا، پاکستان کو ایک جامع دستور دینے والی باکمال دستور ساز اسمبلی کو خراج تحسین پیش کرنا اور اداروں کے درمیان آئین کی حدود میں رہتے ہوئے اپنے فرائض کی انجام دہی کی افادیت کو اجاگر کرنا ہے۔اسی حوالے سےسنیٹر صدر میاں رضا ربانی کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی مہینہ بھر کی تقریبات کا باقاعدہ پروگرام مرتب کرے گی۔ ابتدائی طور پر یہ طے ہوا ہے کہ گولڈن جوبلی کی تقریبات کے موقع پر خصوصی طور پر تیار کردہ یادگار کا افتتاح کیا جائے گا۔

سکولوں اور کالجوں میں آئین پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے تقریری مقابلوں کا انعقاد کروایا جائے گا۔ ایک بین الاقوامی آئینی کنونشن منعقد کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے مزید برآں سول سوسائٹی اور سماجی اداروں کے ساتھ مل کر دستور پاکستان کو مزید بہتر اور فعل بنانے کے لیے کاوشوں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

تقریبات کے انعقاد کے کے حوالے سے بننے والی ایڈوائزری کمیٹی میں سینیٹر میاں رضا ربانی کے علاوہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرقانون سینٹر اعظم نذیر تارڑ، سینیٹر کامران مرتضی، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، ممبران قومی اسمبلی آغا حسن بلوچ، امیر حیدر اعظم خان، ڈاکٹر نفیسہ شاہ، محمد افضل خان ڈھانڈلہ، وجیہہ قمر، انجینئر صابر حسین قائم خانی، خالد حسین مگسی شامل ہوں گے علاوہ ازیں سابقہ سینیٹر فرحت اللہ بابر اور پارلیمانی امور کے ماہر محمد ظفر اللہ خان بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے ۔