وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک کا مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب

111
APP82-22 ISLAMABAD: December 22 – Special Assistant to PM Dr Musadik Malik addressing press conference. APP photo by Saleem Rana

اسلام آباد ۔ 22 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک نے کہا ہے کہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ (ن) کے نمائندوں کی واضح کامیابیاں وزیراعظم محمد نوازشریف کے ترقیاتی ایجنڈے پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے اور عوام نے احتجاج اور الزامات کی سیاست کو ایک بار پھر مسترد کر دیا ہے، 2018ءمیں بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کے سامنے سرخرو ہو کر جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کویہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات ہوں یا بلدیاتی انتخابات، گلگت بلتستان کے انتخابات ہوں یا آزاد کشمیر کے انتخابات، ضمنی انتخابات ہوں یا ڈسٹرکٹ کونسل کے انتخابات، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ایک مرتبہ پھر شہر کو بند کرنے کی دھمکیاں دینے والوں، الزامات اور احتجاج کی سیاست کو رواج دینے والوں کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو ایک مرتبہ پھر مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف صحیح معنوں میں ملک کو ترقی کی راہ پر لیکر جا رہے ہیں۔ اس ملک میں بجلی آئے گی، سڑکوں کا جال بچھے گا اور ترقی ہو گی۔ پسماندہ علاقوں کو ترقی ملے گی، سی پیک سے ملک کی تقدیر بدلے گی۔