اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر (آج) جمعہ سے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کا 2 روزہ دورہ کریں گی ۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق وزیر مملکت برائے خارجہ امور سری لنکا کے 75ویں یوم آزادی میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی، یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کے علاوہ وہ اپنے ہم منصب سمیت سری لنکا کی قیادت سے ملاقات کریں گی۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں جو دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوئوں میں بتدریج فروغ پا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے سارک سمیت کثیرالجہتی فورمز میں بھی ملکر کام کیا ہے، وزیر مملکت حنا ربانی کھرکا دورہ سری لنکا دونوں ممالک کے درمیان افہام و تفہیم کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا اور مشکل وقت میں سری لنکا کے لیے پاکستان کی حمایت کا پیغام دے گا۔