راولپنڈی۔5فروری (اے پی پی):یوم یکجہتی کشمیر کی مرکزی تقریب کوہالہ پل پر منعقد ہوئی جس میں انسانی زنجیر بنا کر کشمیروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔ کوہالہ پل پر ہونے والی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر مری صاحبزادہ محمد یوسف بھی شریک ہوئے، کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے انسانی ہاتھوں کی طویل زنجیر بنانے کے لئے شہری کافی تعداد میں پہنچے۔ اس موقع پر لوگوں نے بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضے اور کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم کے خلاف نعرے لگائے۔
اسسٹنٹ کمشنر مری صاحبزادہ محمد یوسف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، کوہالہ پل پر طویل انسانی زنجیر اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اس دن کو منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا اور یہ باور کرانا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد اقوام عالم کو باور کرانا ہے کہ کشمیر کی عوام کی جدوجہد آزادی کو ظلم سے نہیں دبایا جاسکتا، اس دن کو منانے کا مقصدبھارت کے ظلم و بربریت کو دنیا بھر کے سامنے لانا اور یہ ثابت کرنا ہے کہ ہم ایک ہیں اور کشمیر ہمارا ہے۔