لاڑکانہ۔5فروری (اے پی پی):پورے ملک کی طرح لاڑکانہ میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ رابعہ سیال کی قیادت میں گورنمنٹ پائلٹ اسکول سے سر شاہنواز بھٹو لائبریری تک ریلی نکالی گئی ۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر گلزار تونیو، ڈائریکٹر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری اختر حسین کوریجو، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری انیس الرحمن جلبانی، گورنمنٹ پائلٹ ہائر سیکنڈری سکول کے پرنسپل سمیت طلباء، اسکاوٹس، شہریوں اور مختلف شعبہ جات کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ رابعہ سیال اور دیگر نے کہا کہ ہم یہ دن ہر سال 5 فروری کو مناتے ہیں اور اسی سلسلے میں ہم یہاں جمع ہوئے ہیں تاکہ اقوام متحدہ اور دنیا کی تمام تنظیموں کو معلوم ہو کہ کشمیری عوام تنہا نہیں۔ بھارت کا کشمیر پر قبضہ غلط اور غیر قانونی تھا ، اس دن سے کشمیری عوام اپنی آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان سے لے کر آج تک کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ عالمی ضمیر بہت دھیما ہے اور مظلوم کشمیریوں کی آواز ان کے کانوں تک نہیں پہنچ رہی لیکن یہ آواز ایک دن ان تک ضرور پہنچے گی ۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی آزادی حاصل کرکے پاکستان کا حصہ بنیں گے۔ہم تمام پاکستانی ان کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ہم ان کے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک غیر قانونی دستاویز کے ذریعے کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دیا گیا اور ان کی مرضی کے بغیر اس کا الحاق کیا گیا، اس دن سے کشمیری عوام آزادی کے حصول کے لیے جدوجہد اور جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں ۔ تقریب سے قبل گورنمنٹ پائلٹ سکول لاڑکانہ میں قومی پرچم کشائی کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔