وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی احسن اقبال کی زیرصدارت یو ایس پاکستان نالج کاریڈور سکالرشپس میں پیش رفت کے حوالہ سے جائزہ اجلاس

116
احسن اقبال
جامع ترقی کے لئے سیاسی استحکام اور پالیسیز کا تسلسل ناگزیر ہے ، وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کا وزارت منصوبہ بندی و ترقی کی کارکردگی رپورٹ کے اجراکی تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی احسن اقبال نے کہاہے کہ موجودہ حکومت نے محدود وسائل کے باوجود تعلیمی شعبہ کو اولین ترجیحات میں شامل کیاہے،بیرون ممالک تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں یو ایس پاکستان نالج کاریڈور سکالرشپس میں پیش رفت کے حوالہ سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ہائر ایجوکیشن ، وزارت خزانہ ، سٹیٹ بینک آف پاکستان اور تعلیمی شعبہ سے منسلک سکالرز نے شرکت کی۔اجلاس میں امریکہ میں مقیم طلباء و طالبات سے ان کے مسائل پر بات چیت کی گئی۔

وفاقی وزیر نے اس موقع پر بتایا کہ پاکستان اس وقت معاشی بحران سے گزر رہا ہے ، گذشتہ حکومت نے ہماری حکومت کے قیام سے دس روز قبل تیسری سہ ماہی کے دوران پیسے نہ ہونے کی دہائی دے دی تھی ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ازسرنو ترجیحات کا تعین کیا اور کم وسائل کے باوجود تعلیمی شعبے کو اولیت دی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گذشتہ حکومت نے اپنی نااہلی کی وجہ سے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ترقیاتی بجٹ میں کمی کی، گزشتہ حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے زر مبادلہ کے ذخائر تاریخ کی کم ترین سطح تک پہنچ گئے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک تعیم حاصل کر نے والے طلباء و طالبات ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اورہم اپنے وسائل کو کاٹ کر ان کو درپیش مسائل کو حل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کا انحصار تعلیم اور پڑھی لکھی نوجوان نسل کیلئے بہتر منصوبہ بندی پر ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یو ایس پاکستان نالج کاریڈور سکالرشپس کی بنیاد وژن 2025 کے تحت رکھی تھی جس کا مقصد تزویراتی پہلو سے انسانی وسائل کی فراہمی کی بنیاد رکھنا تھا ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے اس منصوبے میں بھی رکاوٹ ڈالی۔انہوں نے کہا کہ مجھے پوری امید ہے کہ اس سکالرشپ سے واپس آنے والے طلباء و طالبات ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔