ترکیہ اور شام کے زلزلہ متا ثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے،رانا تنویر حسین

214

لاہور۔11فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متا ثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے، وزیر اعظم نے زلزلہ متاثرین کے فنڈ قائم کر دیا،ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہونے والے نقصان پر افسوس ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں ترکیہ اور شام کیلئے امدادی سامان بھجوانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ہوابازی وریلوے خواجہ سعد رفیق،اجمل قادری اور ترکیہ جنرل قونصل بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے حکم پر ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے فوری طور پر امدادی سامان روانہ کیا گیا،این ایل سی کا کانوائے جلد زلزلہ متاثرین تک امدادلے کر پہنچ جائے گا،امدادی سامان میں خیمے اور کمبل شامل ہیں، زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان بھیجنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہونے والے نقصان پر بہت دکھ ہے، حکومت اورپوری پاکستانی قوم ترکیہ اور شام کے غم میں برابر کے شریک ہیں، جب بھی ترکیہ کو ضرورت پڑی ہے توپاکستان نے بڑھ چڑ کر امداد کی اور اسی طرح جب پاکستان میں زلزلہ آیا اور حالیہ سیلاب میں بھی ترکیہ نے پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے ،انہوں نے کہاکہ یہ دونوں ممالک کی تاریخ ہے کہ جب کسی ملک کو ضرورت پڑی ہے تو یہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے نظر آئے،یہاں تک کہ کشمیر میں جب زلزلہ آیا تو ترکیہ کی خاتون اول نے اپنا ہیروں کا ہار بھی زلزلہ متاثرین کو عطیہ کردیااور اسی طرح شام کے ساتھ بھی ہمارے برادرانہ تعلق ہیں اور پاکستانی عوام دل کھول کر ان کی بھی مدد کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جب تر کیہ اور شا م میں زلزلہ آیا تووزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جن کے صدر اردوا ن کے سا تھ ذاتی تعلقات بھی ہیں نے اسپیشل میٹنگ بلائی جس میں تمام وفاقی وزراء نے اپنے جذ بات کا اظہار کر تے ہو ئے کہاکہ ترکیہ عوام کے ساتھ جہاں تک بھی ہوسکتا ہے ان کی مدد کی جائے اور اسی د ن سے اس حوا لے کام شروع کردیا گیا اور متا ثر ین کے لیے ایک فلاحی فنڈ قائم کیا گیا جس میں عوام کو بھرپور تعاون کیلئے اپیل کی گئی۔

وفا قی وزیر نے کہا کہ ہم نے اپنی موجودہ معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے بھرپور کوشش کی کہ جس ممکن حد تک ہوسکے ترکیہ اور شام کے بھائیوں کی مدد کی جائے،وزیر اعظم کے حکم پر چونکہ وہاں سردی کا موسم ہے تو ایک ہوائی جہاز جس میں کمبل اور ٹینٹ تھے اسلام آباد سے فوری طو ر پر ترکیہ روانہ کیا گیا جب کہ دو جہاز شام کے بھا ئیوں کے لیے روانہ کیے گئے،انہوں نے کہاکہ جو سامان جہازوں پر ایمر جنسی جاسکتا تھا وہ ہم نے روانہ کردیا جبک باقی سامان این ایل سی کے ذریعے دو چار دنوں میں روانہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک ترکیہ اور شام کے حالات معمول پر نہیں آجاتے، پاکستانی عوام اپنی بساط کے مطابق اپنے بھائیوں کی امداد جاری رکھے گی،ہفتے دس دنوں میں ہمارے ریلیف فنڈ میں جو رقوم جمع ہونگی وہ بھی ہم اپنے بھائیوں کو جلد پیش کردیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جو سامان لاہور سے جارہا ہے اس میں سولہ ٹرک شامل ہیں ،اسی طرح تفتان تک پچاس ٹرک سامان کے اکھٹے ہوجائیں تو یہ پچاس ٹرکوں پر مشمل قا فلہ ترکیہ اور شام روانہ کردیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں جتنے بھی تعلیمی ادارے یا الائیڈ ڈیپارٹمنٹ ہیں وہ بھی اپنے زلزلہ متاثرین بھائیوں کیلئے فنڈ اکھٹا کررہے ہیں،انشااللہ میری وزارت فنڈ اکھٹا کرنے میں پہلے نمبر پر ہوگی۔