ملکی اور غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں ، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کا انسداد دہشت گردی اور غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی بارے اجلاس سے خطاب

235

گوادر۔12فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ ملکی اور غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات لئے جائیں اور ان پر عملدرآمد میں ہر گز کوتاہی نہ برتی جائے، چینی باشندوں کو فُول پروف سکیورٹی مہیا کی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو دورہ گوادر کے دوران انسداد دہشت گردی اور غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں وزیر داخلہ کو سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی،اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، چیف سیکرٹری بلوچستان ، آئی جی بلوچستان اور سکیورٹی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ ملکی اور غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات لئے جائیں،ان اقدامات پر عملدرآمد میں ہر گز کوتاہی نہ برتی جائے۔انہوں نے کہاکہ چینی باشندوں کو فُول پروف سکیورٹی مہیا کی جائے،سی پیک کے تحت تمام منصوبوں کا ایک فیصد سکیورٹی کے لئے مختص کیا گیا ہے، اس قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ ترجیحی بنیادوں پر سکیورٹی اداروں میں خالی آسامیوں کو پر کیا جائے،سکیورٹی اداروں کی بھرتی میں مقامی افراد کو ترجیح دی جائے،وزیر داخلہ وزیر اعظم کی ہدایت پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے مختلف شہروں کے دورے پر ہیں۔