36.6 C
Islamabad
بدھ, اپریل 30, 2025
ہومقومی خبریںاسمبلیوں کی تحلیل کے بعد آئین کے تحت 90 دن میں انتخابات...

اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد آئین کے تحت 90 دن میں انتخابات آئینی تقاضا ہے، ملک احمد خان

- Advertisement -

اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک احمد خان نے کہا ہے کہ اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد آئین کے تحت انتخابات90 دن کے اندر ہونے چاہئیں، پی ٹی آئی نے آئین کے ساتھ جو کھلواڑ کیا ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، اب یہی لوگ خود کو آئین کا چیمپئن ثابت کر رہے ہیں۔

منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ایک عدم اعتماد تحریک کے ذریعے ختم ہوئی جس کے بعد انہوں نے اپنے اقتدار کے خاتمہ کو غیر ملکی سازش قرار دیا، بعد میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے درمیان ہونے والی بات چیت کی آڈیو لیک سامنے آئی اور اس میں یہ بات کھل گئی کہ عمران خان اعظم خان سے یہ کہہ رہے تھے کہ اگر خط میں کچھ بھی نہیں ہے تو اس کو ایشو بنایا جائے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ یہ بے بنیاد کہانی بنا کر چل رہے ہیں، ایف آئی اے کو اس بات کا جائزہ لینا چاہیے کہ آڈیو لیکس کے منٹس درست ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کی انکوائری میں عمران خان شریک نہیں ہوئے اور انہوں نے ایف آئی اے کی طلبیوں کے تمام نوٹسز لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیئے ہیں ۔ ملک احمد خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنی حکومت گرنے کے بعد غلامی نامنظور کی ایک باقاعدہ مہم چلائی، ان کے جلسوں کا ریکارڈ گواہ ہے کہ یہ امریکی غلامی نامنظور کے نعرے لگاتے رہے، اس طرح سائفر کی بات کو ہر جگہ دہراتے رہےاور آج کہہ رہے ہیں کہ یہ امریکی سازش نہیں تھی، پھر لاہور ہائی کورٹ میں سائفر کی بنیاد پر کیس کیوں دائر کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے آئین پر مکمل عملدرآمد ہونا چاہیے لیکن دیکھنے کی بات یہ ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے وقت انہوں نے خود آئین کے آرٹیکل 95 کی خلاف ورزی کی، قاسم سوری نے تحریک عدم اعتماد کے موقع پر آئین کے برعکس رولنگ دی کہ ایوان میں تحریک عدم اعتماد پر بات نہیں ہو سکتی۔اس وقت کی حزب اختلاف نئی حکومت بنانے جا رہی تھی، قومی اسمبلی کی تحلیل سمیت غیر آئینی اقدامات اٹھائے گئے۔

ملک احمد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سازش کی کہانی ایسے گھڑی کہ اس نے دو ممالک کے تعلقات کا بھی خیال نہیں رکھا، انہوں نے آئین سے جو کھلواڑ کیا تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی، آئین کے تحت انتخابات 90 دن کے اندر ہونے ہیں، یہ آئینی تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کے نشے میں یہ پاگل پن کی حد تک چلے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد اور نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے موقع پر سابق گورنر آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے، انہوں نے آئین توڑا، اسی طرح سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری آئین شکنی کے مرتکب ہوئے، ان پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=351264

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں