سخت معاشی حالات کے پیش نظر ناخوشگوار فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں،پروفیسر احسن اقبال کاسی ای او کانفرنس سے خطاب

144

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو مشکل معاشی چیلنجز کا سامنا ہے،قومی وحدت، سیاسی استحکام اور پالیسی کے تسلسل سے حالات بدل سکتے ہیں،گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے سخت معاہدہ کیا پھر اس کے برخلاف عمل کیا،سخت معاشی حالات کے پیش نظر ناخوشگوار فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سی ای او کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو مشکل معاشی چیلنجز کا سامنا ہے ۔ قومی وحدت، سیاسی استحکام اور پالیسی کے تسلسل سے حالات بدل سکتے ہیں،ماحولیاتی تبدیلی کے باعث 30 ارب ڈالر کا نقصان اٹھایا ،گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے سخت معاہدہ کیا پھر اس کے برخلاف عمل کیا جس کی وجہ سے پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے کے سامنے اعتماد کے بحران کا سامنا ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سخت معاشی حالات کے پیش نظر ناخوشگوار فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں، ہم نے اپنے دور حکومت میں عالمی برادری کا اعتماد بحال کیا ، ملک میں امن امان قائم کیا ، سرمایہ کاری کے لئے موزوں حالات پیدا ہوئے ،2013 سے2017 تک سی پیک منصوبوں کے ذریعے سرمایہ کاری آئی اور پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ بہتر ہوئی ،جس مقام پر کھڑے ہیں تقاضا ہے کہ سنجیدگی سے خود احتسابی کریں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قرضوں کی ادائیگی کے لئے بجٹ بہت زیادہ ہو گیا ہے،قرضوں پر انحصار والی معیشت پائیدار ترقی کا راستہ نہیں ۔احسن اقبال نے کہا کہ ترقی کرنے والے ممالک نے برآمداتی معیشت کو اپنایا ،سرمایہ کاری اور پیداوار کو برآمدات کے ذریعہ ڈالر کمانے کی صلاحیت سے ضم کرنا ہوگا ،ہمارے مستقبل کا انحصارکم سے کم مدت میں برآمدات کو 32 ارب ڈالر سے 100 ارب ڈالر تک بڑھانے میں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے ہر ادارے کو اپنے دائرہ کار میں کام کرنا ہوگا ۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ انسانی تاریخ میں کوئی مثال نہیں کہ کسی ملک کو قدرت نے اربوں ڈالر کی معدنیات سے نوازا ہو اور وہ ایک ڈالر کمائے بغیر 9ارب ڈالر کا پھندہ گلے میں ڈال لے،ریکوڈک کے معدنی ذخیرہ کو ایک عدالتی فیصلہ نے پاکستان کے لئے ایک آزمائش بنا دیا۔

ایکسپورٹ ایمرجنسی کے ذریعہ ہی ہم معاشی بحران سے نکل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر کو برآمدات میں اضافے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ہم سب ملکر معیشت کو فعال اور مستحکم کریں گے۔