اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آج (جمعہ کو) ترکیہ میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے اور ترکیہ میں آدیامان شہر میں پاکستان کی طرف سے بھیجے جانے والے امدادی سامان کی ترکیہ آمد کا جائزہ لیں گے۔
جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی ریسکیو و ریلیف ٹیموں کے ساتھ ملاقات کریں گے اور جاری ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیں گے۔ وزیراعظم آدیامان یونیورسٹی میں زلزلہ زدگان سے ملاقات کریں گے اور ان کی مدد کیلئے قائم سینٹر کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم وہاں ترک وزراءو حکام سے ملاقات کریں گے جہاں انہیں جاری امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔