معاشی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ، آنے والے دنوں میں چیزوں کی قیمتیں کم ہوں گی ۔ڈاکٹر مصدق ملک

168
معاشی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ، آنے والے دنوں میں چیزوں کی قیمتیں کم ہوں گی ۔ڈاکٹر مصدق ملک

لاہور۔19فروری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ معاشی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے، آنے والے دنوں میں چیزوں کی قیمتیں کم ہوں گی، پی ٹی آئی حکومت نے اپنے چار سالہ دور میں عارف نقوی کی کمپنی کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا، پاکستان ڈیفالٹ نہیں ہوا۔ گیس کے بلوں میں امیر اور غریب کے فرق کو ختم کر دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت غریب آدمی کے ساتھ کھڑی ہے ، حکومتی مثبت پالیسیوں کے باعث اشیا خوردونوش سمیت دیگر چیزوں کی قیمتیں جلد کم ہونا شروع ہو جائیں گی، گیس کی قیمتیں کم کر کے غریب آدمی کی مشکلات میں کمی کریں گے ، امیر آدمی کی نسبت غریب آدمی سے بجلی اور گیس کے بلوں کی قیمتیں کم لیں گے، انہوں نے کہا کہ عمران خان گھر میں بیٹھ کر غریب کے بچوں کو جیل بھرنے کا مشورہ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ روٹی چوری کرنیوالے کو سزا اور ہیرے جواہرات کے چور سے کوئی پوچھ گچھ نہیں کی جا رہی جبکہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو نااہل کیا گیا، مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور اس کے کارکنان کو پی ٹی آئی کی حکومت میں قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں، عمران خان نے اپنے سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمات بنوائے ، انہیں جیلوں میں ڈالا ۔

مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں عارف نقوی کی کمپنی کے الیکٹرک کو 360 ملین ڈالر کا فائدہ پہنچایا جبکہ رات کی تاریکی میں باپ کے سامنے بیٹی کو ہتھکڑی لگا کر گھسیٹ کر جیل میں لیجایا گیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت غریب اور پرانے پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، آج کے بعد گیس کی قیمت غریب اور امیرکیلئے الگ الگ ہوگی، گیس کی قیمت غریب کیلئے کم اور امیر علاقوں کیلئے الگ ہوگی،ملک کے 59فیصد عوام کے گیس کا ٹیرف کم کر دیا گیا ہے، جب امیر شخص دس یونٹ گیس استعمال کرے گا تو تین گنا پیسے دے گا اور اتنی ہی گیس غریب کو آدھے سے کم پیسے میں ملے گی،

ہم نے ٹی سٹال والے کا ریٹ بھی کم کر دیا ہے جتنی گیس ٹی سٹال والا آٹھ سو روپے کی استعمال کرے گا اور اتنی ہی گیس کا بل ایک سیٹھ کو اٹھارہ سو روپے میں ادا کرنا پڑے گا، تندور والے اور بڑے ہوٹلوں کو گیس کی الگ الگ قیمت دینا ہوگی،وزیر مملکت نے کہا کہ سعودی عرب میں گیس کا ایک یونٹ دو ڈالر جبکہ قطر میں تین ڈالر اور بحرین میں پاور اور فرٹیلائزر کمپنیوں کو چار ڈالر میں دیا جاتا ہے جبکہ پاکستان میں 70 سینٹ کی گیس دی جا رہی ہے۔،وزیراعظم کا حکم ہے جتنی نئی گیس ملے وہ پاور کو دیں، انہوں نے کہا کہ ایل این جی سے بجلی کے ایک یونٹ پرچھبیس روپے لاگت آتی ہے، جس کا بوجھ عام آدمی اٹھاتا ہے،

یہی گیس فیکٹریوں کو دیں تو یہ 60 روپے فی یونٹ ہو گی۔ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کررہا ،ملک ڈیفالٹ تب ہوتا ہے جب قرض کے پیسے نہ دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب شاہد خاقان عباسی کے ساتھ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک سبسڈی کی وجہ سے برباد ہوا ہے، بریک ڈائون کی رپورٹ سامنے آ گئی ہے خود رپورٹ لکھی ہے لیکن کابینہ سے منظوری ہونے دیں ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل انڈسٹریل گروتھ سے ہے، کالجوں سے نکلنے والے نوجوانوں کیلئے چھوٹے کارخانوں کو پروموٹ کریں گے، ہم چھوٹے اوردرمیانے درجے کے کاروبار کو ترجیح دیں گے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعلق بین الاقوامی تیل کی قیمت اور ڈالر کے اتار چڑھائو سے ہے ، ڈالر خرید کر تیل کی قیمت ادا کرنی ہوتی ہے روپیہ کمزور ہونے سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے ،

پاکستان کی کمزور معیشت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور اقتدارکے آخری دنوں میں عالمی منڈیوں سے مہنگے داموں تیل خرید کر قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ جس سے ملک کے ڈیفالٹ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا، جو بھی ملک مہنگا تیل خرید کر سستا بیچے گا تو اس کا حال سری لنکا والا ہو جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہاکہ پاک روس معاہدہ کے تحت رواں سال تیل اور گیس پاکستان کو ملنا شروع ہوجائے گی جس سے لوگوں کو سہولت ملے گی،

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں کوئی حکومت انتخابات کا فیصلہ نہیں کرتی بلکہ یہ کام الیکشن کمیشن کا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ابھی ایسے حالات پیدا نہیں ہوئے کہ ملک ڈیفالٹ ہو جائے ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے۔