نمل اور این ایس یو اسلام آباد کے طلبہ کو تکنیکی تعلیم کی فراہمی کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

225

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) اور نیشنل سکلز یونیورسٹی (این ایس یو) اسلام آباد نے طلبہ کو تکنیکی تعلیم اور قومی و بین الاقوامی زبان میں مہارت فراہم کرنے کےلیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ۔ بدھ کو مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین تھے۔

دونوں اداروں نے وفاقی وزیر کو ایم او یو بارے بریفنگ دی ۔ انہیں بتایا گیا کہ نیشنل سکلز یونیورسٹی نمل کے طلبہ کومختلف مہارتوں پر مبنی تکنیکی تعلیم فراہم کرے گی جبکہ نمل نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد میں اور اس کے مریدکے کیمپس میں طلبہ کو متعلقہ زبانوں میں قومی/بین الاقوامی زبان میں مہارت اور نیشنل سکلز یونیورسٹی کے طلبہ کو مختلف زبانوں میں ترجمہ اور تشریح کی ٹریننگ فراہم کرے گا۔ رانا تنویر حسین کو بتایا گیا کہ این ایس یو اور نمل سیمینارز، لیکچرز، کانفرنسز، ورکشاپس اور سمپوزیم کے علاوہ مشترکہ تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیاں بھی منعقد کریں گے۔

تعاون کے دائرہ کار میں دونوں اداروں کی سینئر انتظامیہ کی مہارتوں کے تبادلے بھی شامل ہوں گے۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط پر این ایس یو اور نمل کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام تکنیکی اداروں کو اس ملک کے نوجوانوں کو خود کفیل بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے لیبر کو ہنر مند ملازمین میں تبدیل کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

وفاقی وزیر نے لینگویج بیریر کے مسئلے کو اجاگر کیا جس کا بیرونی ممالک میں پاکستانی مزدوروں کو سامنا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مفاہمت نامے اور اس کے نتیجے میں نوجوانوں کی تربیت نوجوانوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گا۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ نوجوانوں میں فنی صلاحیتوں کی نشوونما انہیں ملک کا اثاثہ بننے کے قابل بنانےکے لیے اہم ہے۔