اسلام آباد ۔ 25 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم اللہ تعالیٰ کی شکرگزار ہے کہ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک عظیم قائد سے نوازا جس نے ہمیں ایک آزاد وطن دیا، قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کا عزم کریں،انتہاپسندی کے خاتمہ کیلئے ہمیں اپنے اندر اتحاد پیدا کرتے ہوئے قانون کی حکمرانی، پرامن بقائے باہمی اور جمہوری اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔ قائداعظم محمد علی جناح کے 140ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے دنیا کے نقشہ پر ایک خودمختار ریاست کے قیام کیلئے اپنی جدوجہد میں بکھرے ہوئے مسلمانوں کو ایک پرچم تلے جمع کیا