لاہور۔23فروری (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پراونشیل ڈائزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) پنجاب فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) عمران قریشی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے 100ٹن سے زائد امدادی سامان کے 15 ٹرکس جمعرات کے روز روانہ کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان کراچی میں نیشنل ڈائزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حوالے کیا جائے گا۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ ترکیہ اور شام جانے والے امدادی سامان میں 1050 فوڈ ہیمپرز، 3600 کمبل،3000 رضائیاں، 3600 گرم کپڑے، 1082 آٹا بیگز،250 چاول کے تھیلے، 1032 سری لیک کے ڈبے،23616 خشک دودھ کے ڈبوں سمیت دیگر سامان بجھوایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور عوام مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔