
اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):پاکستان نے مغربی کنارے میں اسرائیلی قابض فوج کی ظالمانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو فلسطینیوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لئے جوابدہ ٹھہرائے اور مستقبل میں اس طرح کی صریح غیر قانونی کارروائیوں کو روکنے کے لئے ضروری اقدامات کرے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان مغربی کنارے میں اسرائیلی قابض افواج کے حالیہ چھاپے کی شدید مذمت کرتا ہے جس کے نتیجہ میں ایک نوجوان سمیت کم از کم 11 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ اس طرح کی ظالمانہ کارروائیاں بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ پاکستان کی حکومت اور عوام متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور اس وحشیانہ حملے میں زخمی ہونے والوں کی مکمل اور جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے طاقت کا اس طرح کا بے دریغ استعمال کشیدہ صورتحال کو مزید بگاڑ دے گا اور خطے میں امن کے امکانات کو نقصان پہنچائے گا۔
پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسرائیل کو فلسطینیوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لئے جوابدہ ٹھہرائے اور مستقبل میں اس طرح کی صریح غیر قانونی کارروائیوں کو روکنے کے لئے ضروری کارروائی کرے۔ ہم فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر ایک ایسی آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتے ہیں جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو