وزیرتجارت کے امریکہ کی تجارتی نمائندہ کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اورسرمایہ کاری تعلقات کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے موضوع پرجامع مذاکرات

188
وزیرتجارت کے امریکہ کی تجارتی نمائندہ کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اورسرمایہ کاری تعلقات کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے موضوع پرجامع مذاکرات

اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):وزیرتجارت سیدنویدقمرنے واشنگٹن میں امریکہ کی تجارتی نمائندہ کے ساتھ تجارت ، سرمایہ کاری،ٹیکسٹائل، ڈیجیٹل تجارت، منڈیوں تک رسائی میں اضافہ، حقوق ملکیت دانش سمیت ضابطہ جاتی امور اورخواتین کوبااختیاربنانے کے شعبہ جات میں تعاون کے فروغ کے موضوع پرجامع مذاکرات کئے ۔

وزیرتجارت پاک امریکہ تجارت وسرمایہ کاری فریم ورک ایگر یمنٹ (ٹیفا) کونسل کے وزارتی اجلاس میں پاکستان کی وفد کی قیادت کررہے ہیں، وفد میں سیکرٹری تجارت محمدصالح فاروقی، سرمایہ کاری بورڈ کے سیکرٹری اسدرحمان گیلانی اوروزارت تجارت و وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کے سینئرافسران شامل ہیں، مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت تجارتی نمائندہ سفیرکھیترین تائی نے کی۔

مذاکرت میں پاکستانی وفد نے امریکی منڈیوں تک پاکستانی آم اورکھجوروں کی رسائی میں اضافہ،پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی امریکی منڈیوں تک رسائی کے فروغ، پاکستان کے زرعی شعبہ بالخصوص ہائیبرڈ اورماحولیاتی لحاظ سے موزوں زراعت وکاشتکاری میں امریکی سرمایہ کاری اورامریکہ کی جانب سے پاکستان کی آئی ٹی اورٹیکنالوجی کی صنعت میں معاونت پرزوردیا گیا۔

فریقین نے جاری سال کے دوران فالواپ رابطے جاری رکھنے پراتفاق کیاتاکہ تمام ایشوز پر ہدف کے مطابق نتائج کے حصول کوممکن بنایا جاسکے۔مذاکرات میں پاک امریکاتجارت وسرمایہ کاری فریم ورک ایگر یمنٹ (ٹیفا) کونسل کا اگلا وزارتی اجلاس آئندہ سال کے اوائل میں اسلام آباد میں منعقد کرنے پربھی رضامندی ظاہرکی گئی۔واضح رہے کہ آخری ٹی آئی ایف اے کونسل کا اجلاس 2016 میں ہوا تھا اور سات سال کے بعد اس اجلاس کے انعقادسے مضبوط دو طرفہ روابط کے عمل کو مہمیز ملی ہے ۔کونسل کا وزارتی اجلاس تجارت اورسرمایہ کاری کے حوالہ سے دوطرفہ باہمی تفہیم اور عزم کی عکاسی کررہاہے ۔