آزاد کشمیر کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، وزیرخزانہ سینیٹراسحاق ڈارکی آزادکشمیر کے وزیراعظم سردارتنویرالیاس سے ملاقات میں گفتگو

115
آزاد کشمیر کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، وزیرخزانہ سینیٹراسحاق ڈارکی آزادکشمیر کے وزیراعظم سردارتنویرالیاس سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ آزاد کشمیر کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس ضمن میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیاجائیگا۔انہوں نے یہ بات ہفتہ کویہاں آزادکشمیرکے وزیراعظم سردار تنویر الیاس سے ملاقات میں کہی ۔

وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر نے وزیر خزانہ کے ساتھ آزاد جموں و کشمیر سے متعلق اہم مالی معاملات اور عوامی فلاح و بہبود کی اسکیموں اور منصوبوں کی رفتار پر تبادلہ خیال کیا۔ سردارتنویرالیاس نے آزادحکومت کی جانب سے محصولات اورآمدنی میں اضافہ کیلئے آزادکشمیرحکومت کی کوششوں اوراقدامات سے آگاہ کیا اوراس سلسلہ میں وفاقی حکومت سے تعاون کی درخواست کی۔

اجلاس میں آزادکشمیر میں جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔وزیر خزانہ نے سردار تنویر الیاس کا خیرمقدم کیا اور آزاد جموں و کشمیر کی ترقی کیلئے اپنی حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے آزادکشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود اور ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس ضمن میں ہرممکن کوششیں کی جارہی ہے ۔ انہوں نے محصولات میں اضافہ کرنے کی کوششوں میں آزادکشمیرحکومت کو ایف بی آر کی مکمل مدد کی پیشکش بھی کی۔

وزیر خزانہ نے اس موقع پر ملک کے معاشی منظرنامہ کو بھی اجاگرکیا اورکہاکہ مشکل اقتصادی صورتحال کے باوجود حکومت پائیدارمعیشت اوراقتصادی نمو کے حصول میں پرعزم ہے۔ آزادکشمیر کے وزیراعظم نے تعاون پر وزیرخزانہ کاشکریہ اداکیا۔