کراچی۔25فروری (اے پی پی):وزیرخارجہ وچیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم میں فوری طور پر25فیصد اضافہ کیا جائے گا اور سیلاب متاثرہ چھوٹے کاشتکاروں کو حکومتِ سندھ کی جانب سے امدادی رقم بھی جلد فراہم کردی جائے گی، پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست کی بنیاد عام آدمی کو حق پہنچانا ہے۔
میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کےمطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خواتین کی نادرا کے ذریعے ڈائنامک رجسٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس انقلابی پروگرام کا تصور شہید بینظیر بھٹو نے اپنے منشور میں دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 2007 کے عام انتخابات کے حوالے سے شہید بینظیر بھٹو نے ملک میں غربت، مہنگائی اور معاشی بحران کو دیکھتے ہوئے اپنے منشور میں اِس پروگرام کا تصور پیش کیا تھا۔
انہوں نے کہا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا مقصد ملک کے کمزور ترین طبقہ خواتین کی زندگیوں میں انقلاب لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب اس پروگرام کا آغاز کیا جا رہا تھا تو ملک کی بیورو کریسی، مخالف سیاستدان اور نام نہاد دانشور اس کے مخالف تھے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے آغاز سے پہلے اس منصونے کے بارے میں مخالفین کہتے تھے کہ عوام کو بھکاری بنایا جا رہا ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زردای نے اپنے دورِ صدارت کے دوران پورے نظام سے لڑکر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو عملی جامہ پہنایا اور ایوان صدر میں ہر ہفتے اجلاس منعقد کرکے ملک بھر کی غریب خواتین کو ایک سال کے اندر امدادی رقم کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو صاف شفاف ترین ادارہ بنایا ہے، اقوام متحدہ سمیت عالمی ادارے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو سراہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے نہ صرف کسی خاتون کا گھر چلتا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ چھوٹے چھوٹے کاروبار بھی چلتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ معاشی حالات میں پی پی پی کے فلسفے کی روشنی میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم کے ساتھ ساتھ مستحقین کی تعداد میں بھی اضافہ ہونا چاہیے۔ پی پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ عمران خان دورانِ اقتدار کہتا تھا کہ وہ اس لیے حکومت میں نہیں آیا کہ ٹماٹر اور پیاز کی قیمتیں دیکھے لیکن ہمیں ٹماٹر اور پیاز کی قیمتیں بھی دیکھنی ہیں، ہم حکومت میں آئے ہی اسی لئے ہیں کہ عام آدمی کو ریلیف دے سکیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین کی دعائوں کا نتیجہ ہے کہ اس پروگرام کے خلاف سازشیں کرنے والے ناکام ہوگئے اور یہ انقلابی پروگرام جاری ہے۔ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرین اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے جرمنی کے سفیر کی خدمات کو بھی سراہا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ، وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت وسماجی تحفظ شازیہ عطا مری اور دیگر بھی موجود تھے۔