اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ تعلیمی معاملات میں کسی قسم کا کوئی خلل برداشت نہیں کیا جائے گا، قائداعظم یونیورسٹی انتظامیہ کہ درخواست پرشرپسند عناصر کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے،سپیشل پولیس فورس تعلیمی اداروں میں تعینات کی جائے گی تاکہ محفوظ تعلیمی سرگرمیاں جاری رہ سکیں۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر رانا ثناءاللہ خان نے کہا کہ قائد اعظم یونیورسٹی ہاسٹلز کو خالی کروا لیا گیا جس کے لیے یونیورسٹی انتظامیہ نے پولیس کی معاونت حاصل کی۔
یونیورسٹی انتظامیہ اور والدین نے بروقت کارروائی پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان اور اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا شکریہ ادا کیا۔وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تعلیمی معاملات میں کسی قسم کا کوئی خلل برداشت نہیں کیا جائے گا۔
تعلیمی اداروں کی فضاء کوتحقیقی اور تخلیقی امور کے لئے سازگار بنایا جائے گا۔ انہوں نےکہا کہ پرتشدد واقعات کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا انسداد انتہا پسندی یونٹ دیگر تعلیمی اداروں سے رابطے میں ہے اور دورے کررہا ہے۔