الف لیلا داستان لے کر ٹی وی پر بیٹھنے والا ایک شخص شر اور فساد پھیلانے کی کوشش کرتا ہے،وزیرمملکت فیصل کریم کنڈی

193

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):وزیرمملکت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے عمران خان کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک جھوٹا شخص الف لیلا داستان لے کر ٹی وی پر بیٹھ جاتا ہے اور شر اور فساد پھیلانے کی کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل بھرو تحریک کی ناکامی کے بعد مزید شرمندگی سے بچنے کی خاطر جیل بھرو تحریک واپس لے کر ایک اور کہانی شروع کر دی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان اگر سمجھتے ہیں کہ ان کی جان کو کوئی خطرہ ہے تو پھر مجمع اکٹھا کرکے عدالتوں پر دھاوا کیوں بولتے ہیں؟ ،منگل کے روز جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد پر کیا گیا حملہ عدلیہ کو خوفزدہ کرنا نہیں تھا تو اور کیا تھا؟ ۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آصف علی زرداری نے توشہ خانہ سے گاڑیاں قانون کے مطابق خریدیں جو ابھی تک ان کے پاس زیر استعمال ہیں جبکہ عمران خان کی بیگم نے غیرملکی حکمرانوں کی طرف سے ملنے والے تحفے توشہ خانوں سے چھپائے اور ان تحفوں کو بازار میں بیچا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ممنوعہ فارن فنڈنگ اس بات پر سوال کر رہی ہے کہ اسرائیلی اور بھارتی شہریوں نے ان کی فنڈنگ کیوں کی تھی کیا، وہ ان کے چاچے مامے تھے؟ ۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بند کمرے میں کیمرے کے سامنے معصوم سی شکل بنا کر مگرمچھ کے آنسو بہا کر عمران خان قوم کو مزید گمراہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خود دہشتگردوں کے حامی اور طرفدار رہے ہیں۔ انہیں کس سے خطرہ ہے۔ دراصل وہ نہیں چاہتے کہ ملزم کی حیثیت سے عدالت میں پیش ہوں۔