پی ٹی آئی کی حکومت چور دروازے سے آئی تھی عمران خان ملک کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتے،بڑا چیلنج مہنگائی ہے الیکشن نہیں،شرجیل میمن

269

حیدرآباد۔2مارچ (اے پی پی):سندھ کے وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ملک میں پی ٹی آئی کی حکومت چور دروازے سے آئی تھی عمران خان ملک کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتے اس وقت ملک میں سب سے بڑا چیلنج مہنگائی ہے الیکشن نہیں اور پاکستان کو دیکھنا ہے کہ مہنگائی سے کس طرح نمٹا جائے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی تاریخی نا اہلی کی ملک کی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی، پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے بنا کسی پلان کے وعدے کئے اور ان سے مکر گئے

یہاں ان کا یوٹرن کام نہیں آیا وہ اپنی رہائش گاہ راول ہا س حیدرآباد میں پریس کانفرنس کر رہے تھے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تین سال میں سیکرٹری فنانس اور اسٹیٹ بینک کے گورنر کو بار بار تبدیل کیا گیاانہوں نے کہا کہ جب نئے ٹیکس لگانے تھے تو پی ٹی آئی حکومت نے نہیں لگائے کیونکہ انہیں نظر آرہا تھا وہ جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت جواب دہ ہے ہم لوگوں کو ریلیف دے رہے ہیں وزیر خوراک کو وزیر اعلیٰ سندھ نے گندم کی خریداری جلدی کرانے کی ہدایت کی اورہر ضلع میں پرائس کنٹرول کو یقینی بنایا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک کو انتشار کی جانب دھکیل رہا ہے، اور اب یہ عیاں ہو چکا ہے کہ عمران خان کسی ایجنڈے پر کام کررہا ہے اورجس کے لیے بھارت اور اسرائیل سے عمران خان کو فنڈنگ ہونے کی کچھ عرصہ پہلے تصدیق ہوچکی ہے

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو آئین پاکستان کے تحت نکالا گیاوہ جھوٹا بیانیہ بیچنے کی کوشش کرتا ہے اور دشمن ممالک کی سپورٹ سے انتشار پھیلارہا ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا نعرہ تھا مجھے کیوں نہیں بچایا انہوں نے عدلیہ اور اہم اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر بدتمیزی کی اور آج جس ادارہ کو وہ تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں انہی کی وہ ٹیسٹ ٹیوب بے بی تھےانہوں نے کہا کہ عمران خان کو مزید رعایت دینا یا لاڈلہ بنانا اچھا نہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ مردم شماری صاف و شفاف ہونی چاہیے

جبکہ یہ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مردم شماری کے عمل کو اتنا شفاف بنائے کہ کسی سیاسی پارٹی اور عوام کو اس پر خدشات نہیں ہونے چاہیے انہوں نے بتایا کہ سیلاب میںجہاں اموات ہوئیں سندھ حکومت کی جانب سے ان کے لواحقین کو فی کس دس لاکھ دئیے جارہے ہیں جبکہ 22لاکھ افراد کو سندھ حکومت گھر بنا کر دے رہی ہے اور حکومت ان کے ہاتھ میں پیسے دے رہی ہے کہ وہ خود گھر بنائیں انہوں نے کہا کہ گندم ہم نے 9ہزار روپے ٹن درآمد کی ہے اور سندھ حکومت کوئی فائدہ نہیں لے رہی بلکہ اربوں روپے کی عوام کو رعایت دے رہی ہے۔