جنگلی حیات کا تحفظ زمین پر رہنے والے ہر فرد کا فرض ہے، وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمان کا جنگلی حیات کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

232

اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے جنگلی حیات کے بارے میں آگاہی اور تحفظ کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے اس قیمتی اثاثے کی بقا کو یقینی بنایا جا سکے۔ جنگلی حیات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر جنگلی حیات کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، اس دن کا مقصد جنگلی حیات کا تحفظ اور ان کے حقوق کے حوالے سے بیداری پھیلانا ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ قدرت اور جنگلی علاقوں اور جنگلی حیات کا تحفظ زمین پر رہنے والے ہر فرد کا فرض ہے، پاکستان کیلئے یہ دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگلی حیات کا گھر ہے جس میں نایاب برفانی چیتے، انڈس ڈالفن، ہرن، پرندوں سمیت دیگر بےشمار انواع شامل ہیں، بدقسمتی سے بڑھتی ہوئی آبادی، تعمیرات، غیر قانونی شکار، جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت اور آلودگی جیسے مختلف عوامل کی وجہ پاکستان میں جنگلی حیات کو خطرے کا سامنا ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ ہم نے اپنی جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں جن میں محفوظ علاقوں کا قیام اور جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار اور تجارت کو روکنے کے لیے قوانین و ضوابط کا نفاذ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائلڈ لائف اور ان کی رہائش گاہوں کی بقاء کو یقینی بنانے کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، جنگلی حیات کے اس عالمی دن پر عوام اور تمام شراکت داروں میں جنگلی حیات کے تحفظ کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور ان کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنا بہت ضروری ہیں تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ان قیمتی وسائل اور اثاثے کی بقاء کو یقینی بنایا جا سکے ۔