اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف درمیانی اوورز میں وکٹیں حاصل نہیں کر سکے، بیٹر ایڈم روسنگٹن

185

راولپنڈی۔4مارچ (اے پی پی):کراچی کنگز کے وکٹ کیپر بیٹر ایڈم روسنگٹن نے کہا ہے کہ ہم اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف درمیانی اوورز میں وکٹیں حاصل نہیں کر سکے جس کی وجہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ ہارنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک اور شکست مایوس کن ہے ، کپتان عماد وسیم کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ہم نے اچھا مجموعہ ترتیب دیا اور شروع میں حریف ٹیم کی جلد وکٹیں لینے میں بھی کامیاب ہو گئے تھے مگر درمیانی اوورز میں ہم مزید وکٹیں حاصل نہیں کر سکے جس کا خمیازہ بھگتنا پڑا ۔

انہوں نے کہا کہ اعظم خان اور فہیم اشرف نے بہترین بیٹنگ کی اور ہمیں میچ میں واپسی کا کوئی موقع نہیں دیا ۔ واضح رہے کہ کراچی کنگز کی یہ 8 میچ کھیل کر چھٹی شکست ہے اور وہ ٹیبل پر 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے ۔