مشعال حسین ملک کا اقوام عالم سے مقبوضہ جموں و کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر نوٹس لینے کا مطالبہ

202
مشعال ملک
انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے اصول ہماری مذہبی، ثقافتی، سماجی اور سیاسی اقدار میں پیوست ہیں،مشعال ملک

اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):بھارتی اسیر حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اورپیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ فسطائی نریندر مودی کی سرکار بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے مذموم منصوبے کے تحت ہندو بستیوں کے قیام کے لیے کشمیری مسلمانوں کی آبائی زمینیں چھین رہی ہے۔
بھارتی بدنام زمانہ حکومت کی جانب سے مقامی باشندوں کو ان کی زمینوں سے بے دخل کرنے اور انہیں بے گھر کرنے کی جاری مہم پر شدید ردعمل میں مشعال حسین ملک نے کہا کہ مودی کی ہندوتوا حکومت نے مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کرنا شروع کر دی ہیں تاکہ ان پر دبا ئوڈالا جائے کہ وہ اپنے جائز اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد سے دستبردار ہونے پر مجبور ہاجائیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ قابض حکام نے گزشتہ چند دنوں میں سری نگر اور سوپور میں غیر قانونی سرگرمیوں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے)کے تحت دو مزید کشمیریوں کے مکانات کے علاوہ ڈوڈہ، کشتواڑ، راجوری اور پونچھ ضلع میں کشمیریوں کی168 جائیدادیں ضبط کر لیں۔ مشعال حسین ملک نے کہا کہ ہندوتوا کی بالا دستی کے نظریہ پر گامزن بھارتی حکومت کو اسرائیل کی صیہونی حکومت سے تحریک ملی ہے جس نے مختلف وحشیانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے فلسطینیوں کی املاک پر قبضہ کیا اور مودی سرکار اسی ماڈل کو مقبوضہ کشمیر میں عمل کر رہی ہے جس کی تمام محاذوں پربھرپور مزاحمت کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ قابض حکام کسی نہ کسی بہانے کشمیریوں کو اپنے ہی وطن میں بے گھر کرنے پر تلے ہوئے ہیں، ان کے مکانات مسمار کر رہے ہیں اور ان کی آبائی زمینیں چھین کر مقبوضہ علاقے میں غیر رہائشی آباد کاروں کے لیے راستہ بنا رہے ہیں، علاقے کے مسلمانوں کی شناخت چھین رہے ہیں۔ چیئرپرسن نے کہا کہ کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کرنا بھارتی حکومت کی جانب سے سراسر سیاسی انتقام ہے اور اس کا مقصد بھارتی غلامی کی بیڑیاں توڑنے کی جائز جدوجہد سے باز رہنے کے لیے انہیں دھمکانا تھا۔ خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے کے تناظر میں بھارتی فسطائی حکومت نے ہزاروں ہندوستانی شہریوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کیے اور اب انہیں ان کی زمینوں سے بے دخل کر رہی ہے تاکہ انہیں بے گھر کیا جا سکے۔

چیئرپرسن نے کہا کہ بھارتی حکام کشمیریوں کو تحریک آزادی سے وابستگی کی سزا دینے کے لیے ان کی جائیدادیں ضبط کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قابض فوجی پرتشدد فوجی کارروائیوں کے دوران کشمیریوں کے گھروں کو مسلسل تباہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں مارنا اور ان کی املاک کو تباہ کرنا مقبوضہ وادی میں ایک معمول ہے کیونکہ مودی حکومت نہ صرف کشمیریوں کو بے گھر کرنے بلکہ ان کی شناخت سے بھی محروم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے ہر سفاکانہ اور اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ تاہم حریت رہنما نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارتی سازشیں کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے میں کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ عالمی طاقتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے کشمیریوں کے انسانی حقوق کی اس خلاف ورزی اور بنیادی حقوق پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ مشعال حسین ملک نے عالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ کے اداروں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ وادی میں مودی حکومت کے وحشیانہ اقدامات کا نوٹس لیں۔