ڈاکٹر کمیونٹی اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کی وجہ سے ہمارے دل کے بہت قریب ہے، سپپکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

129
Raja Pervez Ashraf.
Raja Pervez Ashraf.

اسلام آباد۔6مارچ (اے پی پی):پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے )اسلام آباد کے زیر اہتمام دو روزہ سالانہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں ملک بھر سے ڈاکٹرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سپپکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ڈاکٹرز کمیونٹی کو پاکستان میں عام لوگوں کو صحت کی دیکھ بھال میں لگن اور محنت سے کام کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کے ہیلتھ پروفیشنلز کی ہر ممکن مدد کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا اعادہ کیا۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر اختر علی بندیشہ اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مبشر مشتاق ڈاہا نے پی ایم اے اسلام آباد کی طرف سے پی ایم ڈی سی کی بحالی اور پمز اسلام آباد کو اس کی اصل حالت میں بحال کرنے پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپپکر قومی اسمبلی نے کہا کہ صحت کے شعبے سے وابستہ ڈاکٹرز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن سے کوویڈ۔19 کے دوران جو قربانیاں دی ہیں ان کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم ڈی سی کی بحالی کا مقصد ڈاکٹر برادری کی مدد کرنا اور عام لوگوں کو صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے میں ان کے اہم کردار کو تسلیم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ڈاکٹر کمیونٹی اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کی وجہ سے ہمارے دل کے بہت قریب ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی غیر ملکی سرزمین پر جاتے ہیں انہیں ہمیشہ پاکستانی ڈاکٹروں کی تعریفیں سننے کو ملتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قوم پرعزم ہے ہم جو چاہیں حاصل کر سکتے ہیں۔پارلیمانی سیکرٹری برائے موسمیاتی تبدیلی ناز بلوچ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان میں صحت کے نظام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو گلوبل وارمنگ سے پیدا ہونے والے نئے چیلنجز کے مطابق تیار کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے پاکستانی ڈاکٹرز کو خاص طور پر ملک میں کوویڈ۔19 کی وبائی بیماری سے نمٹنے کے لئے ان کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔دو روزہ تقریب کی میں ڈاکٹرز کی ٹریننگ کیلئے خصوصی لیکچر کا اہتمام بھی کیا گیا۔پی ایم اے سینٹر کے عہدران نے سالانہ تقریب کی اہتمام پر پی ایم اے اسلام آباد کو سراہا۔