مجموعی ترقی میں خواتین کو مساوی حقوق اورمواقع فراہم کرنا ضروری ہیں، معاشرے کو خواتین کی خدمات کا اعتراف کرنا چاہئے،وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان

127
مجموعی ترقی میں خواتین کو مساوی حقوق اورمواقع فراہم کرنا ضروری ہیں، معاشرے کو خواتین کی خدمات کا اعتراف کرنا چاہئے،وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے ملک کی مجموعی ترقی میں خواتین کے کردار کو اجاگرکرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مقصد کےلئے انہیں مساوی حقوق اورمواقع فراہم کرنا ضروری ہیں، معاشرے کو خواتین کی خدمات کا اعتراف کرنا چاہئے۔

بدھ کو عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حقوق طشتری پر رکھ کر کوئی نہیں دیتا،اس کےلئے جدوجہد کرنا پڑتی ہے، خواتین کوبھی اپنے حقوق کےلئے آگے آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور بالخصوص پیپلزپارٹی ہمیشہ مظلوم طبقات کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوانین کا موجود ہونا کافی نہیں بلکہ ان پرعملدرآمد بہت اہم ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خواتین کو اسلام اور ہماری آئین برابری کے حقوق دیتا ہے، اس مقصد کےلئے عملی اقدامات کرنے والوں کو سراہا جانا چاہئے۔ انہوں نے خواتین پر تشدد اوربالخصوص گھریلو تشدد کی صورتحال کو باعث تشویش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مسئلہ کے انسداد کےلئے معاشرتی اور حکومتی سطح پر ٹھوس کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین قومی معیشت کے مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کررہی ہیں لیکن ان کی خدمات کا اعتراف نہیں کیا جاتا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خواتین کو برابر کے مواقع اور سہولیات فراہم کی جائیں تو وہ ملکی ترقی کا پہیہ چلانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔