سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں ہزار گز اور اس سے زیادہ کی ریاستی ملکیتی رہائش گاہوں کی نشاندہی کے حوالے سے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس

168
constitutional

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں ہزار گز اور اس سے زیادہ کی ریاستی ملکیتی رہائش گاہوں کی نشاندہی کے حوالے سے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات پر کفایت شعاری مہم کے سلسلے میں ایک خصوصی کمیٹی بنائی گئی ہے۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں وزیراعظم کی جانب سے ہدایات دیں گئی تھیں کہ دو کنال اراضی کی سرکاری رہائش گاہوں کی فہرست مرتب کی جائے۔

کابینہ نے فیصلہ کیا تھا کہ سرکاری گھر محکوم دور کی نشانی ہیں اور وسائل کا ضیاع ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کی ہدایات کے تحت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز اپنی اپنی سرکاری رہائش گاہوں کی تفصیلات مرتب کریں۔ وفاقی وزیر قانون انصاف نے ہدایات دیں کہ متعلقہ وزارتیں ہزار گز اور اس سے زیادہ رقبہ والی سرکاری رہائش گاہوں کی تفصیل چار روز میں پیش کریں اور مکمل اور سیکٹر وائز ڈیٹا مہیا کیا جائے۔

سینیٹر اعظم تارڑ نے مزید کہا کہ ریاست کی ملکیتی بڑی رہائش گاہوں کی نشاندہی کے اعدادوشمار اکھٹے کر کے وسائل کے تصرف کو کم کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے ان جگہوں کو کارآمد بنانے کے لئے ایک جامع منصوبہ زیر غور ہے۔ اس سے سرکاری بوجھ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں سیکرٹری ہائوسنگ، سیکریٹری قانون و انصاف، جوائنٹ سیکرٹری سول ایوی ایشن، ایڈیشنل سیکرٹری مواصلات، ایڈیشنل سیکرٹری ریلویز، ڈپٹی سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن، ڈی جی پاک پی ڈبلیو ڈی اور وزارت داخلہ کے حکام نے شرکت کی ہے۔