کراچی گیمز کے انعقاد پر بلدیہ عظمی کراچی زبردست خراج تحسین کی مستحق ہے، وفاقی وزیر سید امین الحق

120
یوم عاشورہمیں شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،وفاقی وزیر امین الحق
یوم عاشورہمیں شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،وفاقی وزیر امین الحق

کراچی۔11مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا ہے کہ کراچی گیمز 2023کے انعقاد پر بلدیہ عظمی کراچی زبر دست خراج تحسین کی مستحق ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن اور ان کی پور ی ٹیم کی کائوشیں قابل ستائش ہیں، اتنے کم وقت میں اس قدر بڑا کھیلوں کا میلا سجاکر کراچی کے نوجوانوں کو پیغام دیا گیا ہے کہ اب انہیں ہر صورت میں کھیل کی طرف متوجہ ہونا ہے اور مثبت سرگرمیوں میں آگے بڑھنا ہے، کراچی گیمز 2023کے لئے کے ایم سی نے انتہائی شاندار انتظامات کئے اور ان کھیلوں میں خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

کراچی کے لئے یہ انتہائی فخر کی بات ہے، کراچی گیمز 2023 کرکٹ ٹورنامنٹ جیتنے والی کے ایم سی کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ نوجوان کھلاڑی اسی طرح محنت او رپریکٹس کے ذریعہ اپنے کھیل کا معیار بہتر بناتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی گیمز 2023 کے سلسلے میں نیا ناظم آباد کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے فائنل میچ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن میونسپل کمشنر، کوارڈینیٹر رضا عباس رضوی اور دیگر بھی موجود تھے۔

اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی سید امین الحق نے ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن کے ہمراہ فائنل کی فاتح کے ایم سی ٹی ٹیم کے کپتان کو وننگ ٹرافی دی جبکہ رنرز اپ ٹرافی میٹروپولیٹن کلب کے کپتان کو دی گئی۔ فائنل کے بہترین کھلاڑی اور دیگر انعامات حاصل کرنے والوں کو میڈل بھی پہنائے گئے۔نیا ناظم آباد کرکٹ گرائونڈ میں کراچی گیمز 2023 کا فائنل کے ایم سی اور میٹروپولیٹن کلب کے درمیان کھیلا گیا، جس میں کے ایم سی کی ٹیم نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے ٹائٹل جیت لیا۔ میٹروپولیٹن کلب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 150رنز بنائے، سب سے زیادہ 59رنز غازی غوری نے 6چوکوں کی مدد سے اسکور کئے۔

کے ایم سی کی طرف سے فراز احمد نے 22رنز جبکہ عالیان محمود نے 30رنگ دے کر 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،ایک وکٹ محمد طحہ کے حصے میں آئی۔ جواب میں کے ایم سی کی ٹیم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف صرف 17 اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنر کے ایم نافع نے 5چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 68رنز کی شاندار انگز کھیلی جبکہ ایس ایم طہامی نے آئوٹ ہوئے بغیر 50رنز بنائے، میٹروپولیٹن کی طرف سے معاذ بن سلمان نے 28رنز دے کر 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

کے ایم سی ٹی ٹیم کے اوپنر کے ایم نافع کو شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔وفاقی وزیر نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کے ہمراہ کراچی گیمز کرکٹ کی فاتح ٹرافی کے ایم سی کی ٹیم کے کپتان فرخ رضوی کو دی۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ عظمی کراچی سید شجاعت حسین اور کرکٹ ایونٹ کے آرگنائزر رضا عباس رضوی اور دیگر بھی موجود تھے۔