اینٹی نارکوٹکس فورس کی ملک گیر انسداد منشیات کارروائیاں،بھاری مقدار میں منشیات برآمد

148

راولپنڈی ۔13مارچ (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک گیر انسداد منشیات کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلیں ۔اے این ایف ترجمان کے مطابق راولپنڈی جی ٹی روڈ پر ترنول پھاٹک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کار سے 2 کلو 400 گرام چرس برآمدکرلی ۔اس موقع پرضلع خیبر کے رہائشی 2 ملزمان گرفتارکیے گئے ۔فیصل آباد ایئر پورٹ پر شارجہ جانےوالے ملزم کے لیپ ٹاپ سے 500 گرام ہیروئن برآمدکی گئی اوربونیر کا رہائشی ملزم گرفتارکیا گیا ۔گوادر سے بذریعہ سمندر بیرون ملک منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی گئی ۔

دشت کے علاقہ سجی کے مقام پر جھاڑیوں کے درمیان گہرے گڑھے میں چھپائی گئی بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی ۔برآمد ہونے والی منشیات میں 510 کلو چرس اور 21 کلو آئس شامل ہے ۔ایک اور کارروائی میں گوادر کے علاقہ پشکان میں بھی جھاڑیوں میں بنائے گئے گڑھے سے بھاری مقدار میں منشیات برآمدکی گئی ۔برآمدہ منشیات میں 155 کلو چرس اور 16 کلو ہیروئن شامل ہے ۔ترجمان اے این ایف نے بتایاکہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ۔