مردم شماری کی سکیورٹی پر مامور پولیس پارٹی پر دہشت گردوں کے حملہ کے دوران ایک اہلکار شہید ہو گیا

121
ISPR
ISPR

راولپنڈی ۔13مارچ (اے پی پی):مردم شماری کی سکیورٹی پر مامور پولیس پارٹی پر دہشت گردوں کے حملہ کے دوران ایک اہلکار شہید ہو گیا جبکہ جوابی کارروائی میں دہشت گرد کمانڈر ہلاک ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے حملہ ضلع ٹانک میں کیا، پولیس پارٹی مردم شماری کرنے والوں کی سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی تھی۔سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

فرار ہونے والے دہشت گردوں کو ڈی آئی خان کی تحصیل کلاچی میں گھیر لیا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر عبدالرشید عرف رشیدی مارا گیا۔ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور شہریوں کے قتل میں پولیس کو مطلوب تھا، ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ علاقے کے مقامی لوگوں نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن اور سکیورٹی فورسز کے عزم کو سراہا۔