تمام مسائل کا حل جمہوریت کی مضبوطی میں پنہاں ہے،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا کمیٹی آف ہول کے اجلاس سے خطاب

112

اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ 1973ء کا آئین ملک کی تمام اکائیوں کو آپس میں جوڑتا ہے، سینیٹ آف پاکستان کا قیام بھی 1973ء کے آئین کے تحت عمل میں آیا، تمام مسائل کا حل جمہوریت کی مضبوطی میں پنہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سینیٹ کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلہ میں کمیٹی آف ہول کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس ہمیں پارلیمانی نظام کی کامیابیوں سے لطف اندوز ہونے اور مستقبل کے حوالہ سے حکمت عملی وضع کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1973ء کے آئین کے تحت سینیٹ آف پاکستان کا قائم ہونا خوش آئند لمحہ تھا، 18ویں ترمیم کے تحت وزیراعظم اور وفاقی کابینہ سینیٹ میں جوابدہ ہیں، پبلک اکائونٹس کمیٹی میں سینیٹرز کی شمولیت اہم سنگ میل ہے، قانون سازی اور احتساب میں وفاقی اکائیوں کو مساوی نمائندگی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ نے ہمیشہ قانون سازی سمیت دیگر امور میں بھرپور حصہ لیا اور نگرانی کی، صوبائی سطح پر توازن لانے کیلئے سینیٹ کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے،

اراکین سینٹ کی قانون سازی اور عوامی خدمات کیلئے کوششیں قابل تعریف ہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو کی دانشمندانہ قیادت میں 1973ء کا آئین تشکیل دیا گیا اور نافذ کیا گیا، آئین پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق اور آزادی کا تحفظ کیا گیا ہے، ہم پر آئین اور جمہوریت کی بالادستی کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کو ہم آہنگی اور تعاون سے کام کرنا چاہئے جس سے پارلیمانی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے لیکن ہمارے پاس کئی مواقع ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو یادگاری میڈل پیش کیا۔